اسلام آباد(آن لائن)پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی ای) اور پاکستان فٹ ویئرز مینو فیکچررز ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایف ایم ای) نے چمڑے کی صنعت کی برآمدات میں کمی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔چمڑے کی صنعت سے منسلک دونوں تنظیموں کے حکام نے کہا ہے کہ مالی سال 2013-14ء کے دوران چمڑے کی صنعت کی برآمدات 1.275 ارب ڈالر تھیں جو مالی سال 2018-19ء کے
دوران کم ہو کر 0.844 ارب ڈالر رہ گئیں۔اسی طرح تیار چمڑے کی برآمدات بھی 551.413 ملین ڈالر سے کم ہو کر252.221 ملین تک آگئیں۔ انہوں نے کہا کہ چمڑے کی برآمدات زرمبادلہ کے حصول کا ایک اہم ذریعہ ہیں لیکن گزشتہ چند سالوں کے دوران ان میں کمی باعث تشویش ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شعبہ کے مسائل کے حل کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں تاکہ برآمدات کو بڑھایا جاسکے۔