اسلام آباد(این این آئی) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی 46 پروازیں مسافروں کے بغیر ہی اڑان بھرتی رہیں جس کی وجہ سے پی آئی اے کو 18 کروڑ 40 لاکھ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ایک سال میں اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے اڑان بھرتی رہیں اور سال 17-2016 کے دوران ان پروازوں میں ایک بھی مسافر سوار نہ تھا۔بغیر مسافر 46 پروازیں آپریٹ کرنے سے قومی
ایئرلائین پی ائی اے کو 18کروڑ 40 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، ان پروازوں کے علاوہ 36حج اور عمرہ کی پروازیں بھی بغیر کسی مسافر کے روانہ ہوئیں، اکتوبر 2018 میں انتظامیہ کو معاملے سے آگاہ کیا۔ ایک سال ہو نے کو ہے تاحال موجودہ انتظامیہ نے ابھی تک معاملے کی تحقیقات شروع نہیں کیں اور نہ ہی ان افسران اور ملازمین کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ سرکاری اڈٹ دستاویزات میں معاملے کا ذمہ دار پی آئی اے انتظامیہ کی لاپرواہی کو قرار دیا گیا ہے۔