اسلام آباد( آن لائن )مالی سال 2019 کے دوران ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 58.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے جاری کردہ مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019 کے دوران کمپنی نے 24 ہزار 327 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا ہے جبکہ مالی سال 2018 کے دوران کمپنی کا خالص نفع 15ہزار 374 ملین روپے رہا تھا۔
اس طرح مالی سال 2018 کے مقابلہ میں مالی سال 2019 کے دوران ماڑی پٹرولیم لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 8ہزار 953 ملین روپے یعنی 58 فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے جسکے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدنی بھی بڑھ گئی۔ مالی سال 2018 کیلئے کمپنی کو 126.77 روپے فی حصص کی آمدن ہوئی تھی جو گزشتہ مالی سال کے لئے 200.59 روپے فی حصص تک بڑھ گئی۔