اسلام آباد(آن لائن )جولائی 2019 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 97.85 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان شماریات بیورو ڈائریکٹر (ٹریڈ) آفس کراچی کے اعدادو شمار کے مطابق جولائی 2019 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات 73.8 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ جون کے دوران 37.3 ملین ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح جولائی 2019 کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 98 فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 24.37 فیصد کی کمی ہوئی تھی اور درآمدات کا حجم 596.4 ملین ڈالر
تک کم ہوگیا جبکہ مالی سال 2018 کے دوران 741.8 ملین ڈالر کے موبائل فونز درآمد کئے گئے تھے موبائل انڈسٹری کے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں 100 تا 199 ڈالر کی قیمت والے موبائل فونز کا شیئر 63 فیصد جبکہ 200 تا 299 ڈالر کی قیمت والے فونز کا حصہ 18فیصد اور 100ڈالر سے کم مالیت والے موبائل فونز کا مارکیٹ میں حصہ 17 فیصد ہے اسی طرح پاکستان میں موبائل فونز کی مارکیٹ میں 25 فیصد کے حصہ سے اوپو فون مارکیٹ لیڈر ہے جبکہ سام سنگ دوسرے نمبر پر ہے اور اس کا شیئر 19 فیصد اور ہواوے 15 فیصد کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ ویوو موبائلز مارکیٹ شیئر 13 فیصد ہے۔