ٹوکیو ( آن لائن )جاپان کے حکام نے کہا ہے کہ اس کی کاروباری کمپنیاں امریکہ کی جانب سے چینی مصنوعات پر لگنے والے اضافی محصولات کے باعث اثرات سے نمٹنے کیلئے تیار ہو رہی ہیں۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان کی بیرونی تجارتی تنظیم جیٹرو کے اعلی تحقیقی افسر اتسوکے کوادا نے کہا کہ امریکہ میں کاروبار کرنے والی چند جاپانی کمپنیوں نے وقت سے پہلے ہی چین سے زیادہ مصنوعات درآمد کر کے ذخیرہ کرنا شروع کر دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دیگر کمپنیاں اپنے پیداواری یونٹس کو چین سے باہر نکال رہی ہیں۔
کوادا نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین سے مذاکرات جاری رکھنےکے لئے آمادہ ہیں اور واشنگٹن میں ہونے والے وزارتی سطح کے اگلے مرحلے کے مذاکرات کا قریبی جائزہ لینے کی ضرورت ہو گی۔انہوں نے مزید محصولات عائد کرنے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورت میں جاپانی کاروباری کمپنیوں کو مزید دھچکا پہنچے گا۔محصولات عائد کرنے کے اس مرحلے میں شرح کو 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کیا گیا ہے تاہم یہ 25 فیصد کی انتہائی سطح سے ابھی بھی کم ہے۔