لاہور( این این آئی )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی سابقہ ادوار کی مصنوعی اور ناقص پالیسیوں کا شاخسانہ ہے،موجودہ حالات اور زرمبادلہ کے ذخائر کو دیکھتے ہوئے لگژری آٹمز کی امپورٹ پر پابندی اور امپورٹ ڈیوٹی بڑھانا درست اقدام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمال انڈسٹری سے وابستہ صنعتکاروں کے وفد سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں نوکریوںکی کمی کی بڑی وجہ سمال میڈیم انڈسٹری کا آہستہ آہستہ ختم ہونا ہے،ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے بیورو کریسی میں سے سرخ فیتے سے نجات حاصل
کر نا ضروری ہے،ناقص پالیسیوں کی وجہ سے جب نوکریوں میں کمی واقع ہو گی تو ملک میں لا ء اینڈ آرڈر کامسئلہ پیدا ہو گا۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن بد قسمتی سے ان وسائل سے استفادہ نہیں کیا جا سکا ۔انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے ہماری برآمدات کو فروغ نہیں مل رہا ، اسلئے حکومت کو چاہیے کہ اس جانب توجہ دے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں انڈسٹریلائزیشن میں کمی آرہی ہے خصوصاً سمال میڈیم انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے ،پیداواری شعبہ خسارے میں ہے جس کی وجہ سے ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ پورا کر نا مشکل ہو گا۔