اسلام آباد(آن لائن)سوئی ناردن گیس پائپ لائن لمیٹڈ( ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے رواں مالی سال جولائی 2018ء سے مارچ 2019ء کے دوران 5لاکھ 21 ہزار137 نئے گیس صارفین کو کنکشن جاری کئے ہیں۔پٹرو لیم ڈو یژن کے ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کیلئے مجموعی طور پر دونوں کمپنیوں نے 10 ہزار63کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن
اورڈسٹری بیوشن پائپ لائنیں بچھانے کا ہدف مقرر کیا ہے جن میں سے مارچ2019ء تک 5 ہزار606کلومیٹر طویل ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن پائپ لائنیں بچھائی جاچکی ہیں۔دونوں کمپنیوں نے گیس پائپ لائنوں کی تنصیب کا ہدف حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کردی ہیں جس سے گیس کے صارفین کو گیس کی فراہمی بہتر بنانے اورگیس کے نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔