لاہور(این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ روپے کی قدر مستحکم کرنے کے لیے ہنگامی اور ٹھوس اقدامات اٹھائے کیونکہ بے قدری کی وجہ سے بہت سے معاشی مسائل پیدا ہوئے ہیں۔
ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے صنعتی پیداواری میں کمی ہوئی، قرضوں میں خود بخود اضافہ ہوا، ضروری خام مال کی درآمدات متاثر ہوئیں ، افراط زر کی شرح بڑھی جبکہ صارفین کی قوت خرید میں بھی کمی آئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کے منفی اثرات سے صنعت و تجارت اور زراعت سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں رہا، پاکستان کو ضروریات پوری کرنے کے لیے تیل کے علاوہ کھادیں، اشیائے خورد و نوش، مشینری اور صنعتی خام مال درآمد کرنے پڑتے ہیں ، یہ تمام اشیاء مہنگی ہوئیں جس سے تمام طبقات متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے روپے کی قدر ہر قیمت پر مستحکم کرنا ہوگی، اس سے نہ صرف معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ کاروباری برادری کا حوصلہ اور حکومت پر اعتماد بڑھے گا۔