کراچی(آن لائن)کراچی کے ایک اور شہری کے بینک اکاؤنٹ میں 36 کروڑ روپے نکل آئے۔بینک اکاؤنٹ محمد ابراہیم نامی شخص کے نام پر کھولا گیا جس میں تین سال کے دوران 36 کروڑ 94 لاکھ روپے جمع کرائے گئے جو کہ اوسطاً دو کروڑ ماہانہ بنتے ہیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق بے نامی اکاؤنٹ کا مالک محمد ابراہیم ہے تاہم جو پتہ بینک اکاؤنٹ میں دیا گیا ہے اس پتے پر محمد ابراہیم کے بجائے پتے پر بشیر احمد قادری نامی شخص رہائش پذیر ہے۔ایف بی آر کے مطابق اکاؤنٹ میں 36 کروڑ
94 لاکھ روپے کی رقم یکم جولائی 2015 تا 30 جون 2018 تک رقم منتقل کی گئی ۔ایف بی آر حکام کا کہناہے کہ شبہ ہے کسی نے منی لانڈرنگ کے لیے اکاؤنٹ کھولا، غریب شہری کے اکاونٹ میں اتنی بڑی رقم سے شکوک بڑھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی فالودے اور رکشے والوں سمیت دیگر غریب شہریوں کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے کی موجودگی کا انکشاف ہوچکا ہے۔جس پر ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کررہی ہے اور اس سلسلے میں کئی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔