لاہور( این این آئی ) سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے کہا ہے کہ اینگرو ٹرمینل سے 60 گھنٹے کی مرمت بندش کے بعد آر ایل این جی فراہمی ہفتہ کی رات آٹھ بجے شروع ہونا تھی تاہم اینگرو کی جانب سے ٹرمینل 1 سے ری گیسیفکیشن کے آغاز کے حوالے سے فی الحال کوئی ٹائم فریم نہیں دیا گیا ۔
ایس این جی پی ایل کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اینگرو ٹرمینل سے گیس کی فراہمی نہ ہونے کے سبب ڈان اسٹریم پاور پلانٹس (جی پی پی)، عام صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بحال نہیں کی جاسکتی۔ہفتہ کی رات سوئی ناردرن گیس کی درخواست پر ٹرمینل 2(پی جی پی ایل)سے ری گیسیفکیشن ریٹ 225ایم ایم سی ایف ڈی سے بڑھاکر 600 ایم ایم سی ایف ڈی کردیا گیا تھا تاکہ گھریلو اور دیگر ترجیحاتی سیکٹرز کو گیس فراہمی جاری رہ سکے۔پی جی پی ایل ٹرمینل سے 600 ایم ایم سی ایف ڈی ری گیسیفکیشن ریٹ پر گیس فراہمی اگلے چند گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہے جس کے بعد اسے بھی کم کرنا ہوگا۔اینگرو ٹرمینل سے گیس فراہمی کے آغاز میں مزید کسی تاخیر کے نتیجے میں سوئی ناردرن گیس کے لیے ترجیحاتی سیکٹرز کو گیس فراہمی جاری رکھنا بھی مشکل ہوسکتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس تمام صورتحال کی ذمہ داری سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ پر عائد نہیں ہوتی۔ آرایل این جی کی سپلائی میں سوئی ناردرن گیس کا کردار محض آرایل این جی کو سسٹم کے داخلی پوائنٹ سے لے کر صارفین تک پہنچانا ہے اور یہ کردار سوئی ناردرن گیس ہمیشہ احسن طریقے سے اور پوری ذمہ داری سے ادا کیا ہے۔ سوئی ناردرن گیس کا آر ایل این جی کارگو کی در آمد اور ٹرمینل پر آر ایل این جی کو دوبارہ گیس میں تبدیل کرنے میں کوئی کردار نہیں ۔