میران شاہ (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پہلی بار اے ٹی ایم مشین نصب کردی گئی۔ اطلاعات کے مطابق حکومت پاکستان کے ماتحت چلنے والے سرکاری بینک ’نیشنل بینک آف پاکستان‘ کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں اے ٹی ایم مشین نصب کر کے اس کا افتتاح کردیا گیا۔ اے ٹی ایم مشین میران شاہ بازار میں واقع تحمیل بلنڈنگ میں نصب کی گئی۔
جس سے مقامی صارفین استفادہ کررہے ہیں۔ قبل ازیں میران شاہ کے مقامیوں کو بینک سے پیسے نکالنے کے لیے بنوں تک سفر کرنا پڑتا تھا۔ مقامی تاجروں اور شہریوں نے اے ٹی ایم مشین نصب ہونے پر حکومت اور سرکاری بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ’اب انہیں پیسے نکالنے کے لیے دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا کیونکہ صرف بنوں تک کے سفر میں ہی تین سے چار گھنٹے درکار ہوتے تھے۔ یاد رہے کہ سن 2016 میں نیشنل بینک آف پاکستان نے دنیا کے بلند ترین مقامی پر اے ٹی ایم مشین نصب کر کے بینکنگ کی دنیا میں نیا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ سرکاری بینک کی جانے سے پاک چین سرحد سے متصل خنجراب کے علاقے میں یہ مشین لگائی تھی تھی جس سے تاجر استفادہ کررہے ہیں۔ درہ خنجراب پر نصب کی جانے والی یہ اے ٹی ایم مشین 4600 میٹر بلند یعنی کے سطح سمندر سے15091 فٹ کی اونچائی پر واقع ہے اسی وجہ سے اسے دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین کا اعزاز بھی دیا گیا۔ یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ میران شاہ کے دورے پر پہنچے تھے، اس موقع پر اُن کے ساتھ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو علاقے کی سیکیورٹی صورت حال، آپریشن، سماجی اور اقتصادی منصوبوں، ٹی ڈی پیز بحالی کے امور پربریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ 2 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے فاٹا سے منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات کی تھی جس میں فاٹا انضمام، ترقیاتی منصوبوں اور قبائلی عوام کو درپیش مسائل پربات چیت کی گئی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے قبائلی عوام نے بے شمار مشکلات برداشت کیں، قبائلی علاقوں کی تعمیروترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کسی کو قبائلی عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔