برسلز(این این آئی) یورپی ممالک نے امریکا کی طرف سے تہران پر عاید کردہ پابندیوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے ایرانی اسٹیل اور فولاد کی خریداری روک دی ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے نے اسٹیل یونین کے رکن احمد دنیا نور کے حوالے سے بتایا کہ یورپی ملکوں نے ایرانی اسٹیل اور لوہے کی خریداری روک دی ہے۔
تاہم یورپی ممالک نے یقین دلایا کہ وہ امریکی پابندیوں سے نمٹنے کے لیے ایران سے بعض شعبوں میں تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی خاطر نیا لائحہ عمل مرتب کرے گا۔ تب تک ایران سے لوہے اور اسٹیل کی خریداری روک دی گئی ہے۔ایرانی عہدیدار احمد دنیا نور نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ایران سے فی الحال لوہے اور اسٹیل کی خریداری نہیں کرسکتے۔ امریکی پابندیوں کے بعد یورپ کے لیے ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھنا مشکل ہے تاہم اس حوالے سے یونین کوئی نیا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔دنیا نور کا کہنا تھا کہ جب تک ایران اور یورپی ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے طے کردہ لائحہ عمل ایس پی وی پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا اس وقت تک یورپی کمپنیاں یہ جاننے کی کوشش کررہی ہیں کہ آیا ان کی میزبانی کون کرے گا۔امریکی پابندیوں کے باوجود یورپی ممالک ایران کے ساتھ تجارتی روابط جاری رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ ایک طرف امریکا کے ساتھ تصادم گریز پالیسی پرعمل پیرا ہے اور دوسری طرف ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کے لیے نیا لائحہ عمل بھی مرتب کرنا چاہتا ہے۔