کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)مرغی کی طلب میں اضافے اورسپلائی میں کمی کے باعث شہرقائد میں مرغی کے گوشت کی فی کلوگرام قیمت370روپے کی بلند سطح ترین سطح پرپہنچ گئی ہے ۔اس ضمن میں مرغی فروشوں نے بتایاکہ شادی سیزن کے باعث مرغی کی طلب میں اضافے کا رجحان ہے جبکہ طلب کے مقابلے میں مرغی کی سپلائی کم ہے، جس کے باعث زندہ برائلر مرغی کی قیمت225روپے فی کلوگرام جبکہ گوشت کی قیمت370روپے کی بلند ترین سطح تک جاپہنچی ہے ۔
مرغی فروشوں کے مطابق اس وقت زیادہ تر مال پکوان ہاؤسز اور شادی ہالز کو سپلائی کیا جارہا ہے جبکہ مرغی کی قیمت زیادہ ہونے کے باعث عام گاہکوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔پولٹری ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شہر میں سردی کی لہر کی آمد کے ساتھ ہی مرغی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے جبکہ انڈوں کی قیمت بھی بڑھ سکتی ہے ۔واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت 142روپے تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد مرغی کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے