راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے بڑے شہروں کے قریب 250 ملین ڈالر لاگت سے جدید سہولیات سے آراستہ 25 ہسپتالوں کے قیام کا اعلان کر دیا گیا، اس بات کا اعلان پاک برطانیہ بزنس کونسل کے چیئرمین جولین بارنزنے اپنے وفد کے اراکین کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورہ کے موقع پر کیا، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں برطانیہ صحت، فارما سیوٹیکل اور فنانشل سروسز میں سرمایہ کاری کا خواہش مند ہے، پاک برطانیہ بزنس کونسل پاکستان کے بڑے شہروں کے قریب 250 ملین ڈالر لاگت سے جدید سہولیات سے
آراستہ 25 ہسپتال بنائے گی۔ جولین بارنز نے کہا کہ برطانیہ بزنس کونسل چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کاروباری مواقع کی تلاش اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ اس موقع چیمبر آف کامرس راولپنڈی کے ساتھ مفاہمت کی دستاویز پر دستخط بھی کیے گئے۔ راولپنڈی چیمبر کے صدر ملک شاہد سلیم نے کہا کہ صحت کا شعبہ پاکستان میں توجہ طلب ہے اور کونسل کی طرف سے پاکستان میں 25 جدید ہسپتالوں کی تعمیر کا پروگرام بہت خوش آئند ہے۔