لاہور( این این آئی )خانیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آ ئی )کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ قرضوں اور امداد سے معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی، دیرپا ترقی اور صنعتوں کی بحالی ہی پاکستان کے معاشی مسائل کا اصل حل ہے، وقت آ گیاہے قرضوں سے مکمل نجات اور معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی طرف ہونا چاہیے، ملک میں وسائل وافر مقدار اور تعداد میں موجود ہیں۔
ان کو صرف صحیح سمت استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے مختلف چیمبرزآف کامرس کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ معیشت کو بام عروج تک پہنچانے کیلئے پاکستان سے ناجائز طور پر بیرون ممالک منتقل کیا گیا سرمایہ واپس آتا ہے تو معیشت کے استحکام میں سودمند ہوگا،مذکورہ رقوم کی واپسی کے علاوہ حکومت کو سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کی طرف پوری توجہ دینا ہوگی جبکہ ٹیکس کے موجودہ نظام کو بھی تبدیل کر نے کی ضرورت ہے۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے پاس جہاں وسائل کی بہتات ہے وہیں افرادی قوت کی بھی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے، مہنگائی کا جاری سلسلہ نہ رکا تو قرضوں کا حجم ایک ہزار ارب سے بڑھ سکتا ہے، عالمی طاقتیں روپے کی قدر گھٹا کر پاکستان کو معاشی میدان میں تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں،حکومت اگر قوم کو ریلیف نہیں دے سکتی تو کم از کم رہی سہی قوت خرید کو تو ختم نہ کرے۔