اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔ رواں مالی سال میں یہ دوسری بار ہوا ہے۔ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا ہے کہ رواں سال ترسیلات زر گزشتہ برس سے زائد رہنے کا امکان ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی کرنسی تارکین وطن کے لیے پرکشش ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق گلف ممالک
سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے میں ترسیلات زر سے کمی متوقع نہیں، جاری کھاتے کا خسارہ 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد تک ہو جائے گا۔ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرضہ پروگرام آئندہ سال کے آغاز سے ملنے کی امید ہے، دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔