پیرس(این این آئی)مشہورِ زمانہ فرانسیسی ملکہ میری انتونیت کی ملکیت میں رہنے والے موتی اور ہیرے جڑے ہار نیلامی ہوئی جہاں وہ تین کروڑ ڈالر میں خرید لیے گئے جو کہ کسی بھی فروخت ہونے والے موتی کے لیے عالمی ریکارڈ ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں سدبیز نیلام گھر نے بتایاکہ ملکہ میری انتونیت کے زیورات کا تخمینہ 20 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا۔
اس بدنصیب ملکہ کے زیورات پچھلے دو سو سال سے منظرِ عام پر نہیں آئے تھے اور ان میں موتی اور ہیرے جڑے ہار، بالیاں اور دوسرے زیورات شامل تھے۔ یہ زیورات اٹلی کے بوربن پارما ہاؤس کی جانب سے فروخت کے لیے رکھ گئے تھے۔اس موتی کی فروخت سے قبل عالمی ریکارڈ معروف اداکارہ ڈیم الزبیتھ ٹیلر کے جواہرات کا تھا جب ان کا جڑاؤ ہار 2011 میں ایک کروڑ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔سدبیز نے ملکہ میری انتونیت کے جواہرات کی نیلامی پر کہا کہ یہ جوہرات اہم ترین شاہی خاندان کے خزانے میں سے ایک ہیں جو فروخت کے لیے پیش کیے گئے ۔سدبیز کی ڈپٹی چئیر ڈینیئلا مسکیٹی نے اس پر کہا کہ یہ زبردست جواہرات ہمیں صدیوں پرانے اْس خاندان کے طرز زندگی کے بارے میں ہمیں بتاتا ہے۔ یہ جواہرات انتہائی خوبصورت ہیں اور ان پر بہترین کام کیا گیا ہے۔ملکہ میری انتونیت کے جواہرات کے علاوہ شاہ چارلس پنجم، آسٹریا کے حکمران آرچ ڈیوکس اور ڈیوکس آف پارما کے جواہرات بھی اس نیلامی کا حصہ تھے۔نیلامی میں فروخت ہونے والے تمام جواہرات کی کل قیمت چھ کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی۔میری انتونیت کا تعلق آسٹریا سے تھا اور انھوں نے فرانس کے بادشاہ لوئی شازدہم سے شادی کی تھی۔انقلاب کے بعد انھوں نے اپنے زیورات آسٹریا منقل کر دیے، اور خود بھی ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اپنے خاوند اور بچوں سمیت پکڑی گئیں۔فرانس کی آخری ملکہ کو 1793 میں 37 سال کی عمر میں گلوٹین کے گھاٹ اتار دیا گیا۔