تہران(این این آئی)رقوم کی منتقلی کے بین الاقوامی نیٹ ورک سویفٹ نے امریکا کی ایران کے خلاف عاید کی جانے والی پابندیوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے ایران کے نیشنل بنک کے ساتھ ہرطرح کا لین دین ختم کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی نشینل بنک ملی بنک کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ سویفٹ نیٹ ورک نے نیشنل بنک کی تمام برانچوں کیساتھ اپنا لین دین ختم کردیا۔ نیشنل بنک کی جانب سے تمام ذیلی شاخوں کو ایک سرکلر کے ذریعے سویفٹ کے ساتھ لین دین ختم ہونے کے بارے میں
مطلع کیا گیا ۔ادھرجرمنی میں موجود ایرانی نیشنل بنک کی شاخ نے اپنی ویب سائیٹ پر بتایا کہ 12 نومبر سے بنک اور عالمی مالیاتی نیٹ ورک سویفٹ کے ساتھ لین دین ختم ہوگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکا کی طرف سے ایران پر عاید کی جانے والی پابندیوں کے بعد سویفٹ نے بنک کے ساتھ معاملات ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔خیال رہے کہ 5 نومبر کو سویفٹ سسٹم نے امریکا کی جانب سے ایران پرعاید کی جانے والی پابندیوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے تہران کے ساتھ مالی معاملات کا لین دین ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔