لاہور(این این آئی ) ممتازتاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر خادم حسین ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے آئی ایم ایف کی طرف سے توانائی اصلاحاتی پروگرام کے تحت نئی شرائط کے تحت
بجلی و گیس مہنگی کرنے کی تجویز کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی و گیس مہنگی کرنے کی بجائے بجلی و گیس کی چوری روکے اور نقصانات پر قابو پائے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہوگا اور عوام کیلئے مہنگائی مزید بڑھے گی ۔اس لیے حکومت بجلی گیس مہنگی کرنے کی بجائے بجلی گیس کی چوری روکے اور نقصانات پر قابو پائے کیونکہ ان کی وجہ سے توانائی شعبے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے جس کی قیمت صارفین کو مہنگی بجلی کی صورت میں ادا کرنا پڑتی ہے جو صارفین کے ساتھ سراسر زیادتی ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ نے کہا کہ سینٹ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق2017-18میں بجلی چوری کی وجہ سے توانائی شعبے کو 53ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے توانائی شعبے کو پچھلے ایک سال میں213ارب روپے کا نقصان ہوا جس کا خمیازہ صارفین کو بھگتنا پڑتا ہے کیونکہ نقصانات کو پورا کرنے کیلئے حکومت بجلی کی قیمت میں اضافہ کردیتی ہے جو عوام کے ساتھ زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے مہنگی اشیاء کے باعث ملک برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ بڑھے گا۔