ریاض(این این آئی)سعودی عرب نے دسمبر میں نومبر کے مقابلے میں تیل کی یومیہ پیداوار میں پانچ لاکھ بیرل کمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے وزیر توانائی اور صنعت خالد الفالح نے کہا کہ ہم2019ء میں تیل کے کم سے کم ذخائر کے ساتھ داخل ہونا چاہتے ہیں۔ان کا اشارہ پہلے سے ذخیرہ شدہ تیل کے ذخائر کی فروخت کی جانب تھا۔انھوں نے کہا کہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ( اوپیک) کو آیندہ
سال بھی تیل کی عالمی مارکیٹ میں زیادہ سپلائی کے پیش نظر پیداوار میں کٹوتی کا فیصلہ کرنا پڑے گا اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق پیداوار میں کمی کا آپشن ممکن ہے۔دریں اثناء روس کے وزیر توانائی الیگزینڈر نوواک نے ایک بیان میں کہا کہ تیل کی مارکیٹ میں آیندہ سال میں بھی زاید رسد کا امکا ن ہوسکتا ہے اور ایسا آیندہ چند ماہ کے دوران میں موسمیاتی عوامل کی بنا پر ہو گا مگر 2019ء میں تیل کی مارکیٹ متوازن رہے گی۔