اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مغل نے کہا کہ حکومت فرنیچر انڈسٹری پر زیادہ توجہ دے تو پاکستان کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان فرنیچر کی اعلیٰ مصنوعات تیار کر نے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے کیونکہ ہمارے ملک کے کئی علاقوں میں وافر مقدار میں شاندار لکڑی پائی جاتی ہے۔
جس کی دنیا میں کافی مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت تعاون کرے تو فرنیچر انڈسٹری برآمدت کو تیزی سے فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ وہ اسلام آباد میں پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کا افتتاح کر رہے تھے جس کا اہتمام پاکستان فرنیچر اور ایونٹ مینیا نے کیا۔ احمد حسن مغل نے کہا کہ 2017میں فرنیچر کی عالمی مارکیٹ اطلاعا 331ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ ماہرین کے مطابق 2024تک یہ مارکیٹ 472ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس مارکیٹ میں حصہ بہت معمولی ہے لہذا انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی فرنیچر مصنوعات کی برآمدات کو بہتر فروغ دینے کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی اور جارحانہ مارکیٹنگ حکمت عملی تشکیل دے کر چندسالوں میں فرنیچر برآمدت کو دگنا کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت فرنیچرکا کاروبار کرنے والوں کو بیرونی ممالک میں فرنیچر مصنوعات کی نمائشیں منعقد کرنے میں ہرممکن تعاون کرے تاکہ پاکستان کی اعلیٰ معیار کی فرنیچر مصنوعات کو دنیا میں متعارف کرا کر برآمدات کو بہترکیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سفارتخانوں کو بھی چاہیے کہ وہ بیرونی ممالک میں فرنیچر مصنوعات کی مانگ کے بارے میں چیمبرز آف کامرس کو معلومات فراہم کریں تا کہ نجی شعبہ ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فرنیچر انڈسٹری میں جدید مشینری متعارف کرانے اور ملک میں فرنیچر انڈسٹری کیلئے مزید ٹریننگ سنٹر قائم کرنے پر توجہ دے تا کہ ہنر مند اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی بہتر فراہمی سے یہ صنعت تیزی سے ترقی کر سکے۔ انہوں نے پاکستان فرنیچر اور ایونٹ مینیا کو کامیاب فرنیچر
نمائش کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ اس نمائش کے انعقاد سے فرنیچر بزنس کو بہتر فروغ ملے گا۔ پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو ہوم فرنیشنگ اور فرنیچر انڈسٹری کیلئے کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے جس میں سینکڑوں افراد نمائش کا دورہ کرتے ہیں اور پچاس سے زائد فرنیچر و انٹیرئیر برانڈز کو اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ملتا ہے جبکہ گاہکوں کو مذکورہ نمائش میں 40فیصد ڈسکاؤنٹ تک اشیاء خریدنے کا موقع ملتا ہے۔