نیویارک(این این آئی )عالمی سطح پر رقوم کی ترسیلات کے سب سے بڑے نیٹ ورک سویفٹ سسٹم نے امریکا کی جانب سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے اعلان کے بعد ایرانی بنکوں کو مرحلہ وار سسٹم سے الگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق بیلجیم میں قائم سویفٹ کے صدر دفتر میں ادارے کے چیف ایگزیکٹو گاٹفرائیڈ لیبرانٹ نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے ایران کے بعض بنکوں کے ساتھ تعلقات اور لین دین ختم کر دیں گے۔تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا سویفٹ سسٹم ایران کے کن بنکوں کے
ساتھ رقوم کی ترسیلات کا عمل معطل کرنے کی تیاری کر رہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ سویفٹ سسٹم کے مفاد، اس کی سلامتی اور تحفظ کے لیے ایرانی بنکوں کے ساتھ تعلق مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔گذشتہ ہفتے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا تو سویفٹ سسٹم نے بھی امریکی پابندیوں پرعمل درآمد کا اعلان کیا تھا۔ سویفٹ سسٹم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی پابندیاں افسوسناک ہیں مگر ادارہ ان کی پابندی پر مجبور ہے۔