کراچی(این این آئی)اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 80 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس سے ڈالر کی قیمت 127 روپے سے بڑھ گئی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ وہ افواہیں ہیں جس کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)نے حکومت کو ایسا کرنے کا کہا ہے۔ہفتے کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 80 پیسے اضافے کے ساتھ 127 روپے سے لے کر 127 روپے 20 پیسے اور
کچھ مارکیٹوں میں 127 روپے 40 پیسے کے درمیان فروخت کیا گیا۔ڈالر کی قدر اوپن مارکیٹ میں گزشتہ دو روز کے دوران ایک روپے 20 پیسے بڑھ چکی ہے جس میں سب سے زیادہ اضافہ ہفتہ کے روز دیکھنے میں آیا ہے جب ڈالر کی قدر میں ایک دم 80 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔پچھلے دو ماہ کے دوران ڈالر کی قدر 126 روپے سے نیچے رہی تھی تاہم ڈالر ایک بار پھر مہنگا ہونے لگا ہے۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ابھی بھی 124.24 روپے پر مستحکم ہے۔