واشنگٹن (این این آئی)امریکہ نے چینی اشیا پر 200 ارب ڈالر مالیت کے نئے محصولات نافذ کر دیے ہیں۔ یہ نئے ٹیکس 5000 سے زیادہ اشیا پر نافذ کیے گئے ہیں جو اب تک لگائے جانے والی سب سے بڑی محصولات ہیں۔اس میں ہینڈ بیگ، چاول اور ٹیکسٹائل جیسی مصنوعات شامل ہوں گی۔ امریکہ اس سے قبل چین سے درآمد کی جانے والی سینکڑوں اشیا پر پہلے ہی 50 ارب ڈالر کا محصول یا ٹیرف عائد کر چکا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق یہ نئے ٹیکس 24 ستمبر سے لاگو ہوں گے۔ اگلے برس یہ دس فیصد
سے شروع ہو کر 25 فیصد تک پہنچ جائیں گے۔اس موقع پر صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ چین کی ناانصافی پر مبنی تجارتی طریقوں کا جواب ہے اور ہم نے چین اسے ٹھیک ہونے کے لیے ہر موقع دیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی تنبیہ کی کہ اگر چین نے اس پر مزاحمت کی تو امریکہ فوری فیز تھری پر عمل کرے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ 267 ارب ڈالر کی چینی اشیا پر مزید ٹیکس لگا دے گا۔اور اگر ایسا ہو گیا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ چین کی امریکہ کو جانے والی تمام تجارت پر نئی ڈیوٹی لگ جائے گی۔