لاہور( این این آئی) گزشتہ ماہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیار ہونے والی گاڑیوں کی فروخت میں20فیصد تک کمی دیکھی گئی ۔اعدادوشمار کے مطابق اگست 2018میں 17ہزار 662 گاڑیاں فروخت کی گئیں جو اگست 2017 میں فروخت کردہ 22 ہزار 94 یونٹس کے مقابلے میں 20 فیصد کم ہے۔ اگست کی فروخت ملاکر رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت 39 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں فروخت کردہ 41 ہزار 671 یونٹس کی فروخت سے 6 فیصد کم ہے۔
اس بارے میں ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2015 کے بعد پہلی مرتبہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کی فروخت میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ۔ گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی ایک وجہ کار بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل اضافے کو بھی قرار دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق شرح سود میں کمی کی وجہ سے آٹو فنانسنگ کے قرضوں کی لاگت بڑھنے روپے کی قدر میں کمی سمیت گاڑیوں کی قیمت میں مزید اضافہ سے گاڑیوں کی فروخت پر دبا ؤبرقرار رہے گا۔