لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان میں بننے والی 800 سی سی سستی ترین گاڑی مارکیٹ میں پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، واضح رہے کہ یونائیٹڈ آٹوز کی 800 سی سی انجن کی حامل کار براوو 8 ستمبر کو پاکستان میں فروخت کے لیے پیش کر دی جائے گی، یونائیٹڈ آٹوز کی یہ 8 سو سی سی گاڑی کی قیمت 6 سے 7 لاکھ روپے کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان میں ایک عرصے سے سوزوکی مہران جو کہ 800 سی سی گاڑی ہے کا راج ہے لیکن اب یونائیٹڈ آٹوز نے مقامی طورپر
ہیچ بیک براوو تیار کرکے صارفین کے لیے مہران کے مقابلے میں اپنی گاڑی پیش کر دی ہے، یونائیٹڈ آٹوز کے ایک عہدیدار نے کہا کہ آنے والی ہیچ بیک میں ایسی خصوصیات شامل ہیں جو مقامی ہیچ بیکس میں موجود نہیں ہے۔ اس گاڑی کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ یونائیٹڈ براوو ریئر پارکنگ کیمرا، سیٹ بیلٹ وارننگ انڈیکیٹر، پاور ونڈوز، ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم وغیرہ کی حامل گاڑی ہو گی۔ اتنی کم قیمت میں ان فیچرز کے ساتھ یہ گاڑی باقی کمپنیوں کو پچھاڑ کر رکھ دے گی۔