اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعہ کے روز مندی دیکھنے میں آئی اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 87 پوائنٹس کی کمی کے بعد 41 ہزار 911 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے آغاز کے دوران انڈیکس نے 42 ہزار 82 پوائنٹس کی اعلیٰ ترین سطح پر آگئی تھی تاہم دن کے اختتام کے قریب انڈیکس 41 ہزار 750 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگئی۔ پی ایس ایکس میں مجموعی طور پر 6 ارب 10 کروڑ روپے مالیت کے 16 کروڑ 60 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی۔ مجموعی طور پر 335 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا
جن میں سے 166 کی قدر میں اضافہ، 157 کی قیمتوں میں کمی اور 12 کی قدر میں استحکام رہا۔ کمرشل بینکنگ کا شعبہ 3 کروڑ 30 لاکھ حصص کے کاروبار ساتھ کاروباری حجم میں سرفہرست رہا۔ کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں کے الیکٹرک لمیٹڈ 1 کروڑ 21 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، سلک بینک لمیٹڈ 96 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ 94 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے، پاکستان الیکٹران لمیٹڈ 88 لاکھ حصص کے ساتھ چوتھے جبکہ بینک آف پنجاب 83 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہی۔