کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایمسنٹی سکیم سے 1100 پاکستانیوں نے 135 ارب روپے کے اثاثے ٹیکس نیٹ میں شامل کیے جن سے حکومت کو 4 ارب روپے کی ٹیکس آمدنی ہوئی۔ بیرون ملک اور ملکی اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم سے ایک ہزار ارب روپے یعنی 8 ارب 20 کروڑ ڈالر ٹیکس نیٹ میں آنے کے اندازے ہیں ، ذرائع کے مطابق اثاثے ظاہر ہونے کی اسکیم سے حکومت کو مجموعی طور پر 35 ارب روپے ٹیکس ملنے کا امکان ہے۔
اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کی آخری تاریخ 30 جون 2018 ہے لیکن ملکی ٹیکس بار ایسوسی ایشنز نے سکیم میں 15 روز توسیع کی تجویز دی ہے۔ کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے نائب صدرزیشان مرچنٹ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کے لئے ٹیکس کی ادائیگی کا سسٹم آسان بنایا جائے ،اس سے بیرون ملک اثاثے ظاہر کرنے کی رفتار میں تیزی ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ حکومت نے ٹیکس کی شرح کم کرنے اور بیرون ممالک اثاثے رکھنے والے افراد کے لیے ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔