لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر تجارت و ٹیکسٹائل پرویز ملک نے کہا ہے کہ سٹیل پر ریگولیٹری ڈیوٹی جلد ختم کردی جائے گی جبکہ لاہور چیمبر کے مطالبے پر چین سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا دوسرا مرحلہ موخر کردیا گیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید سے ایک خصوصی ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل حل کرناحکومت کی اوّلین ترجیح ہے، ملک کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں.۔
جن کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ اس موقع پر سیکریٹری کامرس جاوید ،ڈی جی ٹریڈ پالیسی محمد اشرف اور لاہور چیمبر کے سیکریٹری جنرل شاہد خلیل بھی موجود تھے۔ پرویز ملک نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، معاشی استحکام کے لیے کاروباری برادری کا کردار بہت اہم ہے، تاجر برآمدات کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور ویلیوایڈیشن و برانڈنگ پر خاص توجہ دیں۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ زیادہ پیداواری لاگت، تجارت کے لیے نئی مصنوعات اور نئی منڈیوں کا فقدان، ٹیکنالوجی کا فقدان اور عالمی معیارات سے عدم ہم آہنگی برآمدات کے فروغ کی راہ میں آڑے آرہے ہیں لہذا حکومت کو ان پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ویلیوایڈیشن میں حکومت کاروباری برادری کی مدد اورٹیکنالوجی فراہم کرے، اس سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی قدر بڑھے گی۔ ملک طاہر جاوید نے کہا کہ محدود برآمدات کی ایک بڑی وجہ چند ممالک پر انحصار بھی ہے، نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کیے بغیر برآمدات کو فروغ دینا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو افریقہ، لاطین امریکہ، وسطی ایشیائی ریاستوں، روس اور آسٹریلیا وغیرہ کے ساتھ ترجیحی تجارت کے ایسے معاہدے کرنے چاہئیں جو ان ممالک کو پاکستانی برآمدات بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین، بنگلہ دیش ، سری لنکا اور ملائشیا کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیے ہیں مگر اکثر کے ساتھ تجارت میں بھاری خسارے کا سامنا ہے۔ ملک طاہر جاوید نے مزید کہا کہ حکومت عالمی معیارات سے ہم آہنگی میں کاروباری برادری کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانیوں کے حوالے سے ملک کی رینکنگ تشویشناک ہے ، اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔