نیو دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) سوزوکی نے اپنی مقبول گاڑی سوئفٹ کا نیا ورژن باقاعدہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔ سوزوکی سوئفٹ 2018 یعنی اس گاڑی کا فورتھ جنریشن ماڈل بھارت میں جاری آٹو ایکسپو کے دوران فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔ سوزوکی سوئفٹ کا فورتھ جنریشن ماڈل گزشتہ ورژن کی طرح 1.2 پٹرول 84 ہارس پاور انجن کے ساتھ ہے۔ اس کا 1.3 لیٹر ڈیزل انجن والا ماڈل بھی متعارف کرایا گیا جو کہ 74 ہارس پاور کے ساتھ ہو گا۔
دونوں انجنوں میں فائیو اسپیڈ مینوئل دیئے جائیں گے جبکہ خاص چیز آٹو گیئر ٹرانسمیشن (اے جی ایس) کی موجودگی ہے۔ اس گاڑی کی باڈی کو پہلے سے بہتر کیا گیا ہے اور نئے ہیڈ لیمپس ایل ای ڈی پراجیکٹرز اور ڈی آر ایلس کے ساتھ ہیں۔ اسی طرح گرل اور بمپر کو بھی تبدیلی کیا گیا ہے جبکہ بیک پر بھی نئی لائٹس اور بمپر کو دیا گیا ہے۔ گاڑی کے اندر نیا کنسول، ایک ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم جو ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو سے مطابقت کرتا ہے جبکہ نئے کنٹرولز بھی موجود ہیں۔
اس گاڑی کے پٹرول انجن والے ماڈل کی قیمت 4.99 لاکھ بھارتی روپے (لگ بھگ 8 لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہو گی جبکہ ڈیزل انجن والا ورژن 5.99 لاکھ بھارتی روپے (دس لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔ اسی طرح پٹرول انجن والا آٹومیٹک ورژن 6.3 لاکھ بھارتی روپے (گیارہ لاکھ پاکستانی روپے کے قریب) جبکہ ڈیزل والا اے جے ایس ماڈل 7.34 لاکھ بھارتی روپے (ساڑھے بارہ لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔ بھارت کے بعد یہ ماڈل ممکنہ طور پر پاکستان بھی رواں سال کسی وقت متعارف کرایا جائے گا تاہم یہاں اس کی قیمت کیا ہو گی اس بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔