اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے آئندہ سال مئی سے 100 سے 1 لاکھ ڈالر مالیت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا جبکہ ڈی جی سینٹرل ڈائریکٹریٹ آف سیونگ اسکیمز نے کہا کہ اسکیم کے تحت پاکستانیوں کے ان 15 ارب ڈالر پاکستان لانے کی کوشش کی جائے گی جو رئیل اسٹیٹ میں چلے جاتے ہیں یا وہ پاکستان بھیجے ہی نہیں جاتے۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں نیشنل سیونگ اسکیمز کے ڈائریکٹر جنرل نے اوورسیز پاکستانیز سیونگز سرٹیفکیٹس کے اجراء پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مئی تک سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ڈالر اور روپے کا بانڈ جاری کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان بانڈز کی مالیت 100 سے 1 لاکھ ڈالر تک ہوگی جن کی مدت 3 اور 5 سال ہوگی۔ پہلے مرحلے میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کو مئی میں یہ سرٹیفکیٹس جاری کریں گے۔ڈائریکٹر جنرل نیشنل سیونگز اسکیمز نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ کے پیسے اور بیرون ملک پاکستانیوں کے سرمائے کو زیادہ منافع دے کر پاکستان لائیں گے۔ اچھی قیمت دے کر بھی یہ یورو اور سکوک بانڈز کی قیمت سے کم ہوگا۔