اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ادارہ قومی بچت کا شاندار اقدام ، سال2018مئی سے تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے بچت سکیم کا آغاز کرنے پر غور شروع۔ تفصیلات کے مطابق ادارہ قومی بچت نے سال 2018مئی سے تارکین وطن پاکستانیوں کیلئے بچت سکیم شروع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے جبکہ سکیم کا ڈھانچہ تیار کر لیا گیا ہے۔ ادارہ قومی بچت کے ڈی جی ظفر مسعود نے سکیم بارے بتایا ہے کہ ادارہ قومی بچت کو اسٹرکچرنگ ایجنٹس نے درخواستیں ارسال
کردی ہیں۔ بچت اسکیم کے قوائد وضوابط کی منظوری کے بعد اگلا مرحلہ اس کے انتظام کا ہوگا جبکہ تیسرے مرحلے میں ایجنٹس کی تعیناتی ہوگی۔ ظفر مسعود کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کیلئےاگربچت سکیم ملکی اور بین الاقوامی سطح پر شرعی اصولوں کو مدنظر رکھ کر استوار کی جائے تو اس سے اس بچت سکیم کی پذیرائی اور مقبولیت بڑھے گی جس کو دیکھتے ہوئے ادارہ قومی بچت اس حوالے سے اپنی پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔