کراچی(این این آئی)جنوری میں جی ایس ٹی میں ایک ارب روپے اضافہ اور رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران دیگر مدوں میں ریونیو میں اضافہ کے باوجود ایف بی آر کو ٹیکس جمع کرنے میں ایک کھرب 37ارب روپے کمی کا سامنا ہے۔ فروری میں ایف بی آر ایک کھرب 39ارب روپے جمع کرسکا۔
رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران ایک کھرب 37ارب روپے کی کمی 1964 بلین روپے ٹیکس ریونیو کے عوض ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران ریکارڈ کئے گئے ٹیکس ریونیو 1815بلین روپے سے 8فیصد زائد ہے ۔ بجٹ خسارا کم کرنے کیلئے پاکستانی حکومت کے لئے ٹیکس کی مد میں ریونیو خسارا مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔ ان امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ٹیکس اہداف میں نظرثانی کر سکتی ہے یا آئندہ ہفتوں کے دوران دیگر سخت اقدامات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ ایف بی آر کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ کے دوران ٹیکس ریونیومیں 8فیصد دراصل 16فیصداضافہ کے ہدف کے حصول میں ہے جو ظاہر ہے 8فیصد کم ہے۔ یہ صورتحال رواں مالی سال کے آخر تک بجٹ خسارے میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران کسٹم نے 2کھرب 92 ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا جو گزشتہ سال اسی عرصہ کے دوران اکٹھے کئے گئے ریونیو سے 19فیصد زائد ہے۔