اسلام آباد (نیوزڈیسک) فرنس آئل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ گئی، جامشورو پاور کمپنی کے ٹیرف میں 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا نے نوٹیفیکشن جاری کیاہے کہ فرنس آئل کی قیمتوں میں 3 ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے جامشورو پاور کمپنی کے ٹیرف میں 95 پیسے فی یونٹ تک اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ جامشورو پاور کمپنی کے بلاک 1 کا ٹیرف 10 روپے 40 پیسے فی یونٹ سے بڑھ کر 11 روپے 33 پیسے فی یونٹ ہو گئی ہے۔ پاور یونٹ 2 کا ٹیرف 12 روپے 72 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا۔ یونٹ نمبر 3 کے ٹیرف میں 93 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا اور یونٹ 4 کے ٹیرف میں 91 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوا۔جامشورو کے ساتھ دیگر بجلی گھروں کی پیداواری لاگت میں بھی اضافے کا امکان ہے، بجلی کے پیداواری ٹیرف میں اضافے سے صارفین کے بلوں زیادہ آنے کاامکان بڑھ گیاہے ۔