کراچی(این این آئی)وسائل کی کمی یا مس مینجمنٹ ، صوبائی حکومتوں کے مرکزی بینک سے قرضے ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ، خیبر پختونخوا نے اوور ڈرافٹ کی حد سے 157 فیصد پنجاب نے 44 فیصد زیادہ رقم لی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی مقرر کردہ حد کے مطابق صوبائی حکومتیں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور دوسرے ضرور اخراجات کے لیے بینک سے مجموعی طور پر 70 ارب روپے کا اوور ڈرافٹ لے سکتی ہیں، پنجاب کی اوور ڈرافٹ کی حد 37.2 ارب روپے ہے ، تاہم دس ہفتوں کے دوران پنجاب کے مرکزی بینک سے قرضے 53 ارب 62 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئے۔خیبر پختونخوا کی اوور ڈرافٹ کی حد 10 ارب 10 کروڑ روپے ہے، تاہم رواں مالی سال کے دوران اب تک کے پی حکومت مرکزی بینک سے 36 ارب 3 کروڑ روپے قرض لے چکی ہے۔سندھ حکومت نے اس دوران مرکزی بینک سے 8 ارب 28 کروڑ روپے لیے ، جو اس کی اوور ڈرافٹ کی 15 ارب روپے کی حد سے کم ہی ہیں ، ان کے برعکس بلوچستان نے اس دوران مرکزی بینک سے کوئی رقم نہیں لی بلکہ اس کے 9 ارب 91 کروڑ روپے مرکزی بینک کے پاس پڑے ہیں