اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چھٹی جوائنٹ کو آرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس نومبر 2016ء4 میں کرانے پر اتفاق ہو گیا ہے جس میں اقتصادی راہداری کا آئندہ روڈ میپ منظور کیا جائے گا۔ چین نے کراچی تا پشاور ریلوے لائن اپ گریڈیشن منصوبے کیلئے قرضہ دینے پر بھی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔چین کے وائس چیئرمین سے ملاقات کے بعد بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ گوادر کے منصوبوں کی منظوری کے عمل کو تیز کرنے پر چین کے ساتھ اتفاق ہو گیا ہے جبکہ اقتصادی راہداری کا آئندہ روڈ میپ منظور کرنے کیلئے جوائنٹ کو آرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس نومبر 2016ء4 میں منعقد کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں صوبوں کو بھی نمائندگی جائے گی۔احسن اقبال نے کہا کہ کراچی تا پشاور ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کیلئے چین نے 5.5 ارب ڈالر کے رعائتی قرضے دینے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرینوں کی رفتار 80 کلومیٹر سے بڑھ کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی راہداری پاکستان اور چین کے تعلقات کو ستاروں کی بلندی پر لے جائے گا۔ 46ارب ڈالرکی چینی سرمایہ کاری ملکی تاریخ کی بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔