لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کو ایک اور جھٹکا‘ یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی سٹینڈرڈ اینڈ پور نے پاؤنڈکی کریڈٹ ریٹنگ کم کردی۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی پاؤنڈ کی ریٹنگ ٹرپل اے تھی جسے دو درجے کم کر دیا گیا ہے۔سٹینڈرڈ اینڈ پور کا کہنا ہے کہ ریفرنڈم کے نتائج سے برطانیہ کی اقتصادی کارکردگی میں کمی آ سکتی ہے۔ ایک دوسرے کریڈٹ ریٹنگ ادارے فچ نے بھی برطانیہ کی ریٹنگ میں ایک درجے کمی کی ہے۔فچ کے مطابق برطانیہ کا کریڈٹ ڈبل اے پلس تھا جو اب صرف ڈبل اے رہ گیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی پاؤنڈ 31 سال میں اپنی قدر کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے اور برطانیہ کے بازار حصص دوسرے دن بھی کمی کے ساتھ بند ہوئے۔گزشتہ جمعہ کو ریٹنگ ایجنسی موڈی نے برطانیہ کے کریڈٹ آوٹ لک کو منفی ریٹنگ دی تھی۔خیال رہے کہ بہتر کریڈٹ ریٹنگ کی وجہ سے کم سود کی شرح پر زیاد قرض مل جاتا ہے جبکہ کریڈٹ ریٹنگ گرنے کے ساتھ سود کی شرح میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے ملک معاشی طور پر کتنا مستحکم ہے۔