ٹوکیو/لندن (این این آئی)برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد پیر کو ایشیائی بازارِ حصص میں پاؤنڈ کی قیمت میں مزید کمی ہوئی ۔اس سے قبل جب بازارِ حصص بند ہوئے تو اس وقت ڈالر کے مقابلے میں پاؤنڈ 1.3365 یعنی تقریباً تین فیصد کم قیمت پر اور یورو کے مقابلے میں یہ 1.2147 یعنی تقریباً 1.4 فیصد کم قیمت پر دستیاب تھا۔ادھر حکام ایشیا کے بازارِ حصص کو بھی مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق جاپان کے وزیرِ خزانہ تارو آسو نے ملک کے وزیرِ اعظم شنزو کے ساتھ ہنگامی ملاقات کے بعد بتایا کہ انھیں وزیرِ اعظم نے ہدایت دی ہے کہ ضرورت پڑنے پر سٹاک مارکیٹس کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹس میں خوف اور غیر یقینی کی صورتِ حال ہے۔جمعہ کو جاپان کے بینچ مارک شیئر انڈیکس میں تقریباً آٹھ فیصد کی گراوٹ کے بعد نکی 225 میں پیر کو 1.3 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔چین کے مرکزی بینک نے یو آن کی سرکاری قیمت میں 0.9 فیصد کمی کر دی جو گذشتہ سال اگست کے بعد سے سب سے بڑا اقدام تھا۔سٹینڈرڈ اینڈ پوررز ڈو جانز ایڈیسز کے مطابق برطانیہ میں جمعرات کو یورپی یونین کو چھوڑنے کے حق میں فیصلے کے بعد دنیا کی سٹاک مارکیٹوں میں مندے کا رحجان دیکھنے میں آیا۔