کراچی(این این آئی)اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو اپنی شاخیں 2 اور 9 جولائی بروز ہفتہ کھلی رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔مرکزی بینک نے کمرشل بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بینکس زیادہ سے زیادہ خدمات کی دستیابی کو یقنی بنائیں تمام بینک 24 گھنٹے اے ٹی ایمز پر نقد رقومات کی دستیابی اور جلد فراہمی کے مناسب انتظامات کریں۔ اسٹیٹ بینک نے عوام کی سہولت کے مد نظر 2 اور 9 جولائی بروز ہفتے کو بینکوں کو اپنی تمام شاخیں کھولنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کی صورتحال یہ تھی کہ جولائی کے پہلے 10 دن میں بینک صرف ایک روز کے لئے کھلتے ،جس کی وجہ سے 30جون کو جمع ہونے والا چیک 11جولائی سے پہلے کلیئر ہونے کا کوئی امکان نہ تھا ، بینک جمعہ یکم جولائی کو بینک ششماہی آڈٹ کی وجہ سے بند رہیں گے،2اور 3جولائی کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی،5سے 8جولائی تک عید کی تعطیلات ہوں گی، 9 اور 10جولائی کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹی ہوگی۔صرف 4جولائی کو بینک کھلے گا اور یہ ایک دن 30 جون کو جمع کرائے گئے چیک کے کلیئر ہونے کے لیے ممکنہ طور پر ناکافی ہوگااور چیک کلیئر ہونے کے لیے 11جولائی کا انتظار کرنا ہوگا۔