کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کو بھارت سے بڑے پیمانے پر روئی کی خریداری کا آرڈرز ملنے کے باعث گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان سامنے آیا جبکہ مسلسل بدلتے ہوئے عالمی حالات کے باعث روئی کی بین الاقوامی منڈیوں میں کبھی تیزی اور کبھی مندی کے رجحان کے باعث ہفتے کے اختتام تک روئی کی قیمتوں میں تیزی یا مندی کا کوئی واضح رجحان سامنے نہ ا آسکا۔ تاہم توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں ہفتے کے دوران پاکستان میں عید الفطر کی تعطیلات کے باعث ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے باعث روئی کی ترسیلی سرگرمیاں تو شاید معطل رہیں گی۔چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق ن کہا ہے کہ کچھ عرصہ پاکستانی کاٹن جنرز اور ایکسپورٹرز کو بھارت سے روئی کے خریداری آرڈرز ملنے شروع ہوئے تھے تاہم بھارت میں اعلیٰ معیار کی حامل روئی کی عدم دستیابی اور قیمتوں میں زبردست تیزی کے رجحان کے باعث بھارتی ٹیکسٹائل ملز مالکان نے بڑے پیمانے پر پاکستان سے روئی کے درآمدی سودے شروع کر دیے اور آخری اطلاعات تک بھارتی ٹیکسٹائل ملز مالکان پاکستان سے روئی کی تقریباً 60 ہزار بیلز کے درآمدی سودے مکمل کر چکے تھے اور مزید سودے بھی مسلسل جاری تھے۔