لندن(این این آئی)برطانوی عوام کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کے حق میں ووٹ ڈالنے کے بعد بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈی نے برطانیہ کی کریڈٹ ریٹنگ کو کم کرتے ہوئے ’منفی‘ کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق موڈی کا کہنا تھا کہ ووٹ کا نتیجہ ’غیر یقینی صورت حال کے ایک طویل دور ہے۔موڈی نے کہا کہ ریفرینڈم کے نتیجے میں ’ملک کے درمیانی مدت کے ترقی کے امکانات پر منفی اثرات مرتب ہوں گے‘ اور اس نے برطانیہ کے طویل مدتی فراہم کنندہ اور قرض کی ریٹنگ کو ’مستحکم‘ سے ’منفی‘ کر دیا ہے۔اس نے کہاکہ موڈی کی نظر میں معاشی ترقی میں کمی کے اثرات برطانیہ کی مالی بچت پر بھاری پڑیں گے جسے اب یورپی یونین کے بجٹ میں تعاون نہیں کرنا ہے۔اس نے یہ بھی کہا کہ ترقی یافتہ معیشت میں برطانیہ سب سے زیادہ بجٹ کے خسارے والا ملک ہے۔یہ مالی جائزہ برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد آیا ہے،برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کی خبروں کے بعد دنیا بھر میں بازارِ حصص میں مندی دیکھنے میں آئی اور برطانوی پاؤنڈ عشروں کی ریکارڈ سطح تک گر گیا۔