اسلام آباد (این این آئی)ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمینٹ بینک ( اے آئی آئی بی) نے چار ممالک میں مختلف منصوبوں کیلئے پہلی مرتبہ 50کروڑ ڈالر سے زائد کے قرضوں کی منظوری دی ہے جن میں پاکستان میں چار رویہ ہائی وے کی تعمیر کیلئے 10 کروڑ ڈالر کا قرضہ بھی شامل ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اے آئی آئی بی کے صدر لی کنگ نے کہا کہ بینک نے اپنے کام کے آغاز کے پہلے سال کے دوران 1.2 ارب ڈالر کے قرضوں کے اجراء کی منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت رواں سال کے آخر تک مزید قرضوں کی منظوری دے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی آئی بی، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ملکر مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے قرضوں کی فراہمی کے اقدامات کر رہا ہے تاکہ خطے میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت فراہم کی جا سکے۔