کراچی(مانیٹر نگ ڈیسک )بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے73 پیسے فی یونٹ کمی کاامکان ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی سفارشات پر نیپرا اتھارٹی حتمی فیصلہ کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پر چیزنگ ایجنسی نے نیپرا کو تجاویز بھجوائی ہیں کہ مئی کے مہینے میں فرنس آئل کی قیمتیں کم رہیں اس لیے مئی میں بجلی کی پیداواری لاگت 3 روپے 49 پیسے فی یونٹ رہی۔مئی کے مہینے میں 9 ارب 78 کروڑ 11 لاکھ یونٹ بجلی فروخت کی گئی جس کا 34 ارب 23 کروڑ روپے بل آیا۔ اس لیے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 73 پیسے فی یونٹ کمی کی جائے۔نیپرا نے سی پی پی اے کی سفارشات ابتدائی طور پر منظور کر لی ہیں۔ نیپرا حتمی فیصلے کے لیے سماعت کرے گی۔ نیپرا کی حتمی منظوری کے بعد بجلی کے صارفین کو 30 ارب روپے کا ریلیف جولائی کے مہینے میں صارفین کو واپس کیا جائے گا۔