کراچی (آئی این پی) اسٹیٹ بینک نے عید الفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کرنے کیلئے ایس ایم ایس سروس متعارف کرا دی، صارفین کو نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کیلئے اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر،بینک برانچ کی آئی ڈی 8877پر ایس ایم ایس کرنا ہو گا،شہری نئے نوٹوں کی خریداری کی سہولت سے صرف ایک بار ہی استفادہ کرسکیں گے۔تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے عید الفطر کے موقع پر عوام کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کرنے کیلئے ایس ایم ایس سروس متعارف کرا دی،ایس ایس ایم سروس کے تحت عوام ملک کے 116 شہروں میں قائم 500 ای برانچز سے استفادہ کرسکیں گے، اب ایک صارف 10 روپے کے نوٹوں والے 2 ، 20 روپے کے نوٹوں والا ایک ، 50 اور 100 روپے والے نوٹوں کا ایک ایک پیکٹ وصول کرنے کا مجاز ہوگا۔ صارفین نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے لئے اپنے قومی شناختی کارڈ کا نمبر، بنک کی برانچ کا آئی ڈی 8877 پر ایس ایم ایس کریں گے جس کی مد میں 2 روپے کی کٹوتی ہوگی۔ ایس ایم ایس کے جواب میں صارف کو اپنی متعلقہ بینک برانچ ، اس کا پتہ اورایک مخصوص کوڈ فراہم کیا جائے گا اس کے علاوہ اس ایس ایم ایس میں اس کوڈ کو استعمال کر کے بینک سے نئے نوٹ حاصل کرنے کے لئے آخری تاریخ بھی درج کی جائے گی۔ یہ کوڈ مقامی تعطیل کے علاوہ ہفتے میں کسی بھی دو دن کے لئے قابل استعمال ہوگا۔ایس ایم ایس کی وصولی کے بعد صارفین اپنے اصل شناختی کارڈ، اس کی فوٹو کاپی اور موبائل پر موصول ہونے والے مخصوص کوڈ کے ساتھ اس بینک کی برانچ میں فوری رابطہ کرنے کا مجاز ہوگا، عوام کو تکلیف سے بچانے کی خاطر اسٹیٹ بینک نے تمام صارفین کے لئے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی کی ایک حد مقررکردی ہے۔بینک انتظامیہ نے کہا کہ ایک موبائل نمبر اور اس پر موصول ہونے والا کوڈ نئے نوٹوں کی خریداری کیلئے صرف ایک بار استعمال کیا جا سکتا ہے، اگر کوئی صارف اپنا شناختی کارڈ نمبر مختلف موبائل نمبرز سے بھی بھیجے گا تب بھی اس کو صرف ایک بار ہی کوڈ ارسال کیا جائے گا اور وہ نئے نوٹوں کی خریداری کی سہولت سے صرف ایک بار ہی استفادہ کرسکے گا۔