پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے مہنگائی کے اس دورمیں سرکاری ملازمین کے مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں میں10 فیصد اضافے کے ساتھ ساتھ عبوری الاؤنس 2013 اور2014 کو جاری بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ اگرچہ صوبائی حکومت کو مالی مشکلات کے سامنا ہے مگر اس کے باوجود صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران صوبہ بھر کے مختلف محکموں میں کئی اسامیاں اپ گریڈ کیں۔ جن میں محکمہ صحت میں پیرا میڈیکس کی 10 ہزار 572 ،محکمہ اعلیٰ تعلیم 166،محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم کی 52 اور صوبہ بھر کے تقریباً 2 ہزار کمپیوٹر آپریٹرز کی آسامیاں شامل ہیں۔نئے مالی سال کے بجٹ میں معذور افراد کو اسپشل کنوینس ا لاؤنس 1000 روپے ماہانہ مقرر کیاگیاہے جبکہ نائب قاصد اوردفتریوں کامتفرق الاؤنس 300 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 450 روپے ماہانہ کردیاگیا۔ اسی طرح سکیل 1 تا15 تک ملازمین کو بعدازدفتری اوقات کام کرنے کی صورت میں ملنے والی کنوینس میں50 فیصد اضافہ کردیاگیا۔ نئے بجٹ میں درجہ چہارم ملازمین کو ملنے والی واشنگ الاؤنس اورڈریس الاؤنس 100 روپے ماہانہ سے بڑھاکر 150 روپے ماہانہ کردیاگیا ۔اسی طرح ایڈیشنل چارج الاؤنس ،ڈیپوٹیشن الاؤنس اورکرنٹ چارج کی خصوصی تنخواہ کی بالا ئی حد 6000 روپے ماہانہ سے بڑھاکر 12000 روپے ماہانہ کردیاگیا ۔علاوہ ازیں صوبائی ملازمین کوM.Phil الاؤنس کی ادائیگی پی ایچ ۔ڈی الاؤنس کے 25 فیصد یعنی 2500 روپے ماہانہ کے مطابق دیاجائے گا۔