لاہور(این این آئی )صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے ڈیلرز کے ذریعے وہیکل رجسٹریشن کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں خواہشن مند ڈیلرز حضرات محکمہ ایکسائز میں اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں جس کے لئے موٹر کار وہیکل ڈیلرز25 لاکھ سکیورٹی جمع کروائیں گے۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں ڈیلرز حضرات کو افطاری کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز،ڈی جی ایکسائز کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے ڈیلرز رجسٹریشن نظام بارے بریفنگ میں کہا کہ وہیکل رجسٹریشن کے عمل میں نا صرف بہتری آئے گی بلکہ خریدار کو موقع پر وہیکل کے ساتھ اس کی رجسٹریشن کے کاغذات ونمبر پلیٹ فراہم کر دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس نظام کے ذریعے وہیکل چوری ختم ہو گی۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ خواہش مند ڈیلرز حضرات اپنی رجسٹریشن کے لئے 25 لاکھ روپے سکیورٹی کے عوض محکمہ ایکسائز میں رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بہت جلد اسٹیٹ بنک کی اجازت کے بعد آن لائن سسٹم بھی متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ صارفین کو زیاد سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر کے 36 اضلاع کو کمپیوٹر سسٹم کے ساتھ منسلک کر دیا گیاہے اور اگلے سال سنٹر لائز کر دیا جائے گا۔اس نظام کے تحت صوبہ بھر میں کسی بھی ضلع میں چلنے والی گاڑی کا نمبر ایک ہی ہو گا جس سے چوری کا خاتمہ ہوگا۔