اسلام آباد (ما نیٹر نگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے بجٹ پر عام بحث کے دوران قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنے اور ایوان سے بجٹ منظور کرانے کی ذمہ داری وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو سونپ دی ہے، بجٹ منظور کرانے کےلئے مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس آئندہ ہفتے ہو گا، جس میں ارکان کی تجاویز دی جائیں گی۔ وزیر پارلیمانی امور سے ارکان کی حاضریوں کی تفصیلات وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو روزانہ کی بنیاد پر فراہم کرتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو قومی اسمبلی میں کورم پورا کرنے اور ایوان سے دو تہائی اکثریت سے بجٹ منظور کرانے کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ بجٹ منظوری کےلئے مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی پارٹیوں کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا گیا ہے جس میں ارکان کی تجاویز دی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب روزانہ کی بنیاد پر وزیر داخلہ کو قومی اسمبلی میں ارکان کی حاضری کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں۔