اسلام آباد (مانیٹر نگ)مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دوسرا ’’قیدی‘‘ بجٹ پیش کر دیا ،کھربوں روپے کا پیش کرنے والی حکومت کے پاس بجٹ دستاویزات کو پارلیمنٹ تک پہنچانے کیلئے کوئی مخصوص گاڑی کا انتظام بھی نہ کر سکی ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز آئندہ مالی سال بجٹ کی دستاویزات کو ضلع کچہری میں خطرناک قیدیوں کو لے جانیوالی وین میں پارلیمنٹ ہاؤس تک پہنچایا گیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی حکومت نے مالی سال2015-16 بجٹ کی دستاویزات قیدیوں کیلئے مختص گاڑی میں لائی گئیں تھیں۔ سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ بجٹ دستاویزات میں سب سے زیادہ بالواسطہ ٹیکس غریب آدمی پر لگائے جاتے ہیں اور یہ سال آنیوالے بجٹ کے بعد عام آدمی کی زندگی پہلے سے بھی زیادہ مشکل ہو جاتی ہے ۔ اس لئے بجٹ کو وفاقی حکومت ایک ملزم کے طور پر پیش کرنے کے لئے حوالاتیوں اور قیدیوں کی وین میں بھر کر لائی ہے۔ سیاستدانوں نے گزشتہ روز اس وین کو دیکھ کر وفاقی بجٹ کو قیدی بجٹ بھی قرار دیا۔