اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل خراب ہونے سے جی ڈی پی کی شرح گر گئی ، ہماری کوشش ہے کہ جو ٹیکس گزار ہیں ان پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے ، سالہا سال کی خرابیاں دو چار دن میں ٹھیک نہیں ہوتی۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہو رہی تھیں۔ بڑی مشکلوں سے ہم نے معیشت کو سنبھالا دیا ہے ۔ کپاس کی فصل خراب ہونے سے جی ڈی پی کی شرح گر گئی ۔ کپاس کی فصل میں 28 فیصد کمی ہوئی ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کے لئے مشکل پیدا کر دیں گے ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ جو ٹیکس گزار ہے ان پر مزید ٹیکسز کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال کی خرابیاں موجود ہوتی ہیں سسٹم کے اندر جو دو چار دن میں ٹھیک نہیں ہوتی انہیں ٹھیک کرنے کے لئے وقت لگتا ہے ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ بڑھانے پہ توجہ مرکوز ہے ۔ ہم نے تین سال کے قلیل عرصے میں معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرکے دکھا دیااور ہمارا ٹارگٹ ہے کہ انشاء اللہ آئندہ سال میں معاشی ہدف پورا کریں گے ۔