اسلام آباد (آن لائن) وزارت خزانہ نے وزیر اعظم نواز شریف کی مشاورت کے بعد اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سفارشات مسترد کر دیں حکومت پیٹرول اور ہائی اوکٹین کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت جون میں صارفین کو تین ارب روپے کی سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اوگرا نے وزارت پٹرولیم کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق سفارشات کی سمری ارسال کی تھی جسے حکومت نے جزوی طور پر مسترد کر کے پٹرول اور ہائی اوکٹین کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اوگرا نے پٹرول 85 پیسے اور ہائی اوکٹین 2 روپے 18 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی جسے مسترد کر دیا گیا ،ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ہائی سپیڈ 6 روپے 69 کے بجائے 3 روپے 34 پیسے ، لائٹ ڈیزل 4 روپے 47 پیسے کے بجائے 2 روپے 23 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 3 روپے 97 پیسے کے بجائے ایک روپے 98 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔